پاکستان کے پہلے خلا باز، ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے ہفتے کے روز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہ راست گفتگو کی۔ یہ براہ راست رابطہ اسلام آباد میں سپارکو کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک خصوصی نشست کے دوران ہوا۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے سپارکو کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ براہ راست رابطے کی نشست کے دوران پاکستانی خلا باز سے بات چیت کی۔
یہ گفتگو پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو زمین کے مدار میں موجود اپنے خلا باز سے براہ راست رابطہ کرنے کا موقع ملا۔
ذیشان علی 25 نومبر کو شینزو-24 مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ پے لوڈ ماہر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور دو چینی خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ سائنسی تجربات کر رہے ہیں۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
شینزو-24 کے عملے نے 25 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 35 منٹ پر تیانگونگ میں داخلہ لیا تھا، جو جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانگی کے تقریباً چھ گھنٹے بعد تھا۔ توقع ہے کہ ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلا میں گزاریں گے اور چینی عملے کے ہمراہ تجربات کریں گے۔
ان تجربات میں مستقبل کے خلائی مشنوں کے لیے خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذریعے کے طور پر مائیکرو الجی کی کاشت اور خلا کے سفر کے کینوا کے بیجوں پر اثرات کی جانچ شامل ہے۔ خلائی اسٹیشن پر چار مشترکہ چینی پاکستانی سائنسی تجربات جاری ہیں، جنہیں سپارکو نے پاکستانی جامعات کی جانب سے موصول ہونے والی 300 سے زائد تجاویز میں سے منتخب کیا تھا۔
وزیراعظم نے جمعرات کو شینزو-24 کے کامیاب لانچ پر چین کو مبارک باد دی تھی اور اس مشن کو دونوں ملکوں کی ناقابل تسخیر دوستی کا ثبوت قرار دیا تھا۔ انہوں نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت پر چینی اداروں کا شکریہ ادا کیا اور سپارکو، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو سراہا۔
اس مشن کو ممکن بنانے والا معاہدہ فروری 2025 میں سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان طے پایا تھا۔ اس کے تحت دو پاکستانی خلا بازوں کو تربیت دی گئی تھی، جن میں سے ایک کو پرواز کے لیے منتخب کیا گیا۔

Leave a Reply