ایس آئی ایف سی: چین سے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

پاکستان میں کرنسی ایکسچینج کمپنی میں ایک منی چینجر امریکی ڈالر کے نوٹ گن رہا ہے۔

Written by

in

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے مطابق چین کے ساتھ روابط سے تقریباً 20 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پورٹ فولیو تیار ہوا ہے، جبکہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں سے 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی ہے۔ یہ تفصیلات سینیٹ کے لیے تیار کردہ پریزنٹیشن میں سامنے آئی ہیں۔

پریزنٹیشن کے مطابق وزارتوں اور محکموں میں سرمایہ کاری کے 553 وعدوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 80 وعدے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ ان منصوبوں کی تخمینی مالیت 2.64 ارب ڈالر ہے، جو کل وعدوں کا 14.47 فیصد بنتی ہے۔

چین کو پاکستان کا اہم سرمایہ کاری شراکت دار قرار دیا گیا ہے اور چین سرمایہ کاری پروگرام کے تحت منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً 20 ارب ڈالر (5,538.4 ارب روپے) ہے۔ اس پورٹ فولیو میں مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی ذخیرہ کرنے، دواسازی اور دیگر شعبوں میں کاروباری روابط شامل ہیں۔

4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں پہلے پاک چین کاروباری فورم میں 129 معاہدے ہوئے جن کی مالیت 9.3 ارب ڈالر ہے اور 1.2 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

19 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں زراعت کانفرنس میں 99 معاہدے ہوئے جن کی مالیت 2.1 ارب ڈالر ہے اور 56 ملین ڈالر عمل درآمد میں ہیں۔ مئی 2026 میں لاہور میں بیٹری اسٹوریج فورم میں 636 ملین ڈالر کے 54 معاہدے ہوئے جن میں سے 136 ملین ڈالر عمل درآمد میں ہیں۔ 24 مئی 2026 کو ہانگ ژو گول میز میں 6.6 ارب ڈالر کی پائپ لائن بتائی گئی جس میں سے 1.2 ارب ڈالر عمل درآمد میں ہیں اور جولائی 2026 میں دواسازی اجلاس میں 629.5 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے۔

چینی کمپنیوں کے منصوبوں میں ایف ایف سی اور ہوا لو انجینئرنگ کا 1.2 ارب ڈالر کا کھاد منصوبہ ہے جس میں تھر کے لگنائٹ کوئلے سے یوریا بنایا جائے گا، ایف یو انرجی کا 240 ملین ڈالر کا الیکٹرک گاڑیاں اور سولر پینل منصوبہ اور ایشیا پاک کا 223 ملین ڈالر کا پلازما سینٹر ہے۔ دیگر منصوبوں میں ایچ آر ایل/وائی ٹی او کا 100 ملین ڈالر کا ای کامرس اور مصنوعی ذہانت کا منصوبہ، سوگو گروپ کا 50 ملین ڈالر کا لیتھیم بیٹری پلانٹ اور اسکائی 47 کا 120 ملین ڈالر کا ڈیٹا سینٹر ہے۔

پاک سعودی کاروباری پروگرام کے تحت 2024 میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 34 معاہدے ہوئے، جن میں سرمایہ کاری کے 13، تجارت کے 14 اور ترسیلات زر کے 7 معاہدے شامل ہیں اور ان سے 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی۔ شعبوں کے لحاظ سے بجلی 1.25 ارب ڈالر، صحت 256 ملین، زراعت و خوراک 207 ملین، افرادی قوت 180 ملین، پٹرولیم 170 ملین، آئی ٹی 107 ملین، صنعت 100 ملین اور کان کنی 30 ملین ڈالر شامل ہیں۔

کونسل نے 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے انعقاد میں سہولت فراہم کی، جس میں 300 یورپی اور 600 پاکستانی کمپنیوں سمیت ایک ہزار سے زائد شرکا نے شرکت کی اور 600 سے زائد کاروباری روابط قائم ہوئے۔ یورپی انویسٹمنٹ بینک نے دو منصوبوں کے لیے 160 ملین یورو کے معاہدوں پر دستخط کیے۔ کونسل نے 11 شعبوں میں سرمایہ کاری کے 38 مواقع کی نشاندہی بھی کی ہے جن کی پائپ لائن 21 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *