لندن — آزاد کشمیر کے چیف جسٹس جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین ناگزیر ہیں۔ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا ہاؤس آف لارڈز میں جمعے کے روز منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب مشینیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہیں کہ کون زندہ رہے گا اور کون مرے گا۔
سیمینار کا عنوان “مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق” تھا۔ اس کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا تھا جبکہ میزبانی لارڈ برینن، کے سی، نے کی۔ سیمینار میں مختلف ممالک کے لارڈز، برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، ممتاز بیرسٹرز، قانونی ماہرین، یونیورسٹی پروفیسرز اور انسانی حقوق کے دانشوروں نے شرکت کی۔
جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت بدل دی ہے۔ ایسے میں انسانی جان لینے کے ہر فیصلے میں بامعنی انسانی نگرانی اور مؤثر بین الاقوامی قانون سازی ناگزیر ہے، کیونکہ زندگی اور موت کا فیصلہ کسی مشین کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خودکار ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کے لیے ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ تیار کیا جائے اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کو قانونی جوابدہی کے دائرے میں لایا جائے، تاکہ ایسے نظام بنانے اور استعمال کرنے والے اس کے نتائج کی ذمہ داری سے بچ نہ سکیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال کی وسیع گنجائش موجود ہے، تاہم اس ٹیکنالوجی کا جنگی مقاصد کے لیے غیر ذمہ دارانہ استعمال انسانی حقوق اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ جو ٹیکنالوجی انسانیت کی خدمت کر سکتی ہے، وہ بغیر ضبط اور جوابدہی کے اسے نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔
غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے جسٹس اکرم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے نشانہ بندی، ڈرون نگرانی اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال شہریوں، خواتین اور بچوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصول — خاص طور پر شہریوں اور جنگجوؤں میں فرق، طاقت کا متناسب استعمال اور جوابدہی کے تقاضے — مصنوعی ذہانت کے لاپروا استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
جسٹس اکرم نے سوال اٹھایا کہ “اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی موت واقع ہو جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟” انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس بنیادی سوال کا جواب تلاش کرنا ہو گا، اس سے پہلے کہ ایسے نظام مزید عام ہو جائیں۔
چیف جسٹس نے عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ جموں و کشمیر کی انسانی حقوق کی صورتحال بھی اجاگر کی اور اقوام متحدہ کی قرارداد 47 کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 1947 سے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی تشویش کا اظہار کیا جا چکا ہے۔
جسٹس اکرم نے زور دیا کہ چہرے کی شناخت پر مبنی نگرانی کے نظام، ڈرون نگرانی اور مصنوعی ذہانت کو انسانی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے مشروط ہونا چاہیے۔

Leave a Reply