راولاکوٹ میں فائرنگ، رینجرز افسر شہید، دوسرا زخمی

An aerial view of the area near the bus terminal in Rawalakot, in a screengrab shared by AJK Police.

Written by

in

منگل کی صبح راولاکوٹ میں متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح ارکان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان رینجرز کا ایک افسر شہید اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع اور پولیس کے مطابق فائرنگ صبح سویرے شہری علاقے میں کی گئی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پونچھ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فائرنگ صبح تقریباً ساڑھے دس بجے متیال میرہ بس ٹرمینل کے قریب ہوئی۔ پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز برکت کو سر میں گولی لگی، انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔

دی نیوز نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے مسلح گروہوں نے ٹرمینل کے قریب شہری علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ جب پولیس سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ امن و امان بحال کرنے کے لیے آگے بڑھی تو مسلح حملہ آوروں نے ان پر بھی حملہ کر دیا۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم نے حالیہ ہفتوں میں عوامی حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد فائرنگ کا راستہ اختیار کیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کو فضائی نگرانی کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا اور تشدد کے دوران دھماکا خیز مواد بھی استعمال کیا گیا۔ علاقے کو تنظیم کے مسلح ارکان سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

آزاد کشمیر حکومت نے 5 جون کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ گروہ دہشت گردی میں ملوث ہے۔ پابندی تنظیم کے 9 جون کے منصوبہ بند احتجاج سے چند روز قبل لگائی گئی تھی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کے لیے مخصوص 12 نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی اور راولاکوٹ میں معمولات زندگی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *