برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی سرفہرست

برطانوی ہوم آفس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست رہے۔

Written by

in

برطانوی ہوم آفس کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری سرفہرست رہے، جبکہ شہریت کے لیے درخواستوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ہوم آفس کے اعداد و شمار کے مطابق برطانوی شہریت کے حصول کے لیے درخواست دینے والوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار کی ریکارڈ سطح تک جا پہنچی، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ برطانوی شہریت حاصل کرنے والوں کی تعداد 10 فیصد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 65 ہزار ہوگئی، اور شہریت حاصل کرنے والوں میں بھارتی اور پاکستانی شہری سب سے بڑے گروہ رہے۔

یہ اعداد و شمار ہوم آفس کے تازہ ترین امیگریشن اعداد و شمار کا حصہ ہیں، جو ستمبر تک کے 12 ماہ کا احاطہ کرتے ہیں۔ اعداد و شمار میں پناہ کی درخواستوں میں بھی نمایاں کمی دکھائی گئی، جو اسی عرصے میں ایک تہائی کم ہو کر 74 ہزار رہ گئیں۔ ہوم آفس کے مطابق اس کمی کی بڑی وجہ غیر قانونی راستوں سے آنے والوں کی درخواستوں میں کمی ہے۔

ہوم سیکرٹری شبانہ محمود کا کہنا ہے کہ یہ سب اتفاقاً نہیں ہوا بلکہ حکومت کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ مائیگریشن کو سابقہ حکومت کے دور کی بلند ترین سطح سے 92 فیصد کم کر کے 77 ہزار پر لے آیا گیا ہے، اور اصلاحات سے منصفانہ امیگریشن نظام بنایا جائے گا جس میں حصہ ڈالنے والوں کو صلہ ملے گا۔

ہوم آفس کا کہنا ہے کہ 93 ہزار پناہ طلب کرنے والوں کو اسائلم سپورٹ دی جا رہی ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 16 فیصد کم ہے۔ سابق فوجی اڈوں پر رہائش حاصل کرنے والے 1195 افراد کو رکھا گیا ہے، جبکہ رواں برس مجموعی طور پر 52 اسائلم ہوٹلوں کو بند کیا گیا اور اب صرف 140 زیر استعمال ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبر حکومت نے موجودہ پارلیمنٹ کے اختتام تک تمام اسائلم ہوٹلوں کو بند کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت امیگریشن قوانین کو سخت کر رہی ہے، وزرا کا کہنا ہے کہ پناہ کی درخواستوں اور نیٹ مائیگریشن میں کمی ظاہر کرتی ہے کہ نیا طریقہ کار کام کر رہا ہے، جبکہ ناقدین پناہ کے زیر التوا مقدمات جلد نمٹانے اور ہوٹلوں کے استعمال کے خاتمے پر زور دے رہے ہیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *