باغ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے، مشتاق منہاس

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشتاق منہاس باغ، آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے ہیں۔

Written by

in

مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر و ممبر کشمیر کونسل مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ باغ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور عوام کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے ہفتے کے روز باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

مشتاق منہاس نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے حلف اٹھانے کے بعد سے 100 روزہ پلان پر دن رات کام کیا ہے، جبکہ 100 روزہ پلان کی تکمیل کے بعد پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ بندی بھی تیار کر لی گئی ہے، جو عوامی مسائل کے حل اور ریاست کی ترقی کے لیے حکومت کے سنجیدہ اقدامات کا عکاس ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق منہاس نے کہا کہ باغ کے لیے امراض قلب کا ہسپتال ایک بڑا منصوبہ ہے، جس سے علاقے کی دیرینہ محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امراض قلب ہسپتال سابقہ دور حکومت میں سازش کی نذر ہوا، جس پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوئی ذاتی وابستگی یا رشتہ داری نہیں، ہماری کمٹمنٹ باغ کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

مشتاق منہاس نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے باغ کے عوام کے لیے 6 ارب روپے کی لاگت سے دانش سکول کا منصوبہ دیا گیا ہے، جہاں مارچ سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہمارا رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے، یہ محبت لازوال ہے اور وطن کے لیے جان قربان کرنے کا جذبہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد سے ملا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت عامہ مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ باغ میں امراض قلب ہسپتال کو وزیراعظم کے 100 روزہ پلان میں شامل کر لیا گیا ہے، جس پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور جلد اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باغ ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال بنایا جائے گا اور سی ٹی سکین سمیت جدید طبی مشینری فراہم کی جائے گی۔

مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ ماڈل بی ایچ یوز اور جدید ایمبولینسز فراہم کی جائیں گی، جبکہ صحت کارواں منصوبے کے تحت وسطی باغ اور شرقی باغ کے لیے دو دو گاڑیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گورننس کو عوام کے لیے مثالی بناتے ہوئے حکومت اپنی کارکردگی سے خود کو ثابت کرے گی۔

وزیر برقیات و آبپاشی راجہ ثاقب مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پر اعتماد کرتے ہوئے مرکزی قیادت نے 16 ارب روپے فراہم کیے ہیں، جس سے کشمیری عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے گا۔

مشتاق منہاس نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے پاکستان مخالف نعروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے ساتھ تین مرتبہ مذاکرات کیے گئے، تاہم مذاکرات کے بجائے تصادم کا راستہ اختیار کیا گیا، اور کمیٹی کو بیرون ملک سے حمایت حاصل ہے جسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *