زرداری خاندان ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کرے، ایم کیو ایم

The MQM-Pakistan spokesperson responding to Bilawal Bhutto-Zardari's statement on new provinces.

Written by

in

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی آئینی اور جمہوری بحث پر اشتعال انگیز ردعمل دینے کے بجائے عوامی خواہشات کا احترام کیا جانا چاہیے۔

ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی اکثریت صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے اور بلاول بھٹو کو بھی سندھ کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے اس مطالبے کی حمایت کرنی چاہیے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی صورت میں کراچی میں خون بہنے کی بات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہوتی ہے تو کراچی اور شہری سندھ کے معاملے پر ہی مخالفت اور خون ریزی کی بات کیوں کی جاتی ہے؟ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا ہے اور اس موضوع پر گفتگو کو اشتعال انگیزی سے جوڑنا مناسب نہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے شہری علاقوں کے حقوق اور عوامی نمائندگی کے لیے اپنا مؤقف واضح رکھتی ہے۔ شہری سندھ کو مزید لوٹ مار کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ بلاول بھٹو کو چاہیے کہ وہ عوامی خواہشات کو تسلیم کریں اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اپنا واضح مؤقف سامنے لائیں۔

ایم کیو ایم ترجمان نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ وہ قوم کو بتائیں کہ 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے بعد میں اس کی حمایت میں ووٹ کیوں دے رہے تھے؟ ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو نے بھی کرپشن کو ملک کی تباہی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے، اس لیے انہیں سندھ میں گزشتہ 18 برس کے دوران ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں اور حکومتی کارکردگی پر بھی قوم کو جواب دینا چاہیے۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خاندان سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں کو حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم شہری سندھ کے حقوق، عوامی وسائل کے تحفظ اور انتظامی اختیارات کی منصفانہ تقسیم کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *