خیبر پختونخوا حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹس کا نظام متعارف کرانے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت بار بار ٹریفک قوانین توڑنے پر پہلے وارننگ دی جائے گی اور پھر لائسنس معطل بھی ہو سکتا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹوریٹ نے اس نظام کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت ہر ڈرائیور کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور ہر خلاف ورزی پر اس کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ڈی میرٹ پوائنٹس منسلک کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانا اور صوبے میں سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔
مسودے کے مطابق اگر کوئی ڈرائیور دو سال کے دوران 10 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اسے وارننگ دی جائے گی۔ تاہم، اگر پوائنٹس کی تعداد 20 تک پہنچ گئی تو اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کو مقررہ حد پوری ہونے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مختلف خلاف ورزیوں پر کتنے پوائنٹس؟
مجوزہ نظام میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے مطابق الگ الگ پوائنٹس مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اگر کسی ڈرائیور کی وجہ سے مہلک ٹریفک حادثہ پیش آتا ہے تو اس کے لائسنس پر 15 ڈی میرٹ پوائنٹس درج کیے جائیں گے، جبکہ ایسے حادثے کی صورت میں جس میں افراد زخمی ہوں، 10 پوائنٹس کی کٹوتی کی تجویز ہے۔
نشے کی حالت میں گاڑی چلانے پر 8 ڈی میرٹ پوائنٹس مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ٹریفک سگنل کی سرخ بتی عبور کرنے پر 6 پوائنٹس درج کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے، غیر قانونی یو ٹرن لینے اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر بھی پوائنٹس مقرر کیے جائیں گے۔ ان خلاف ورزیوں پر 2 سے 6 پوائنٹس تک کی کٹوتی ہو سکتی ہے۔
ڈرائیورز کا ریکارڈ کیسے محفوظ ہوگا؟
حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل طریقے سے محفوظ کیا جائے گا۔ یہ ریکارڈ خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (کے پی آئی ٹی بی) کے زیر انتظام ڈرائیونگ لائسنس سافٹ ویئر میں رکھا جائے گا۔ اس طرح ٹریفک پولیس کسی بھی ڈرائیور کی سابقہ خلاف ورزیوں اور حاصل کردہ ڈی میرٹ پوائنٹس کو دیکھ سکے گی۔
یہ نظام ابھی تجویز کے مرحلے میں ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس کا مسودہ تیار کیا ہے۔ حکام نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ یہ نظام کب نافذ ہوگا یا مسودے کی باقاعدہ منظوری کب دی جائے گی۔

Leave a Reply