مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے زکوٰۃ کونسل تحلیل کرتے ہوئے تقریباً تین ہزار اختیاری تعیناتیاں ختم کر دی ہیں۔ یہ اقدام حکومت کے انتظامی اور مالیاتی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ بتایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہٹائے جانے والوں میں زکوٰۃ کونسل کے چیئرمین اور ارکان، دس اضلاع کے زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمین، حلقہ سطح کے چیئرمین اور مقامی زکوٰۃ کمیٹیوں کے تقریباً دو ہزار تین سو چیئرمین شامل ہیں۔
اس کے ساتھ علما و مشائخ کونسل کے چیئرمین اور ارکان کو بھی ہٹایا جا رہا ہے اور متعلقہ سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے۔ تجوید القرآن کوآرڈینیٹر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس سے قبل چیئرمین وزیراعظم انسپیکشن کمیشن، انویسٹمنٹ بورڈ اور کلچرل اکیڈمی میں اختیاری عہدوں پر کی گئی تعیناتیاں بھی ختم کی جا چکی ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سرکاری وسائل کا بہتر استعمال اور انتظامی ڈھانچے کو مزید موثر بنانا ہے۔




