پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ کارروائیاں تیز کرنے، کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی مضبوط بنانے اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلے پاکستان رینجرز (سندھ) ہیڈکوارٹر میں اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں کیے گئے، جس کی مشترکہ صدارت انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اور ڈائریکٹر جنرل رینجرز (سندھ) نے کی۔
اجلاس میں سندھ، خصوصاً کراچی کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں بڑھائی جائیں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کی جائے۔ اجلاس میں حساس تنصیبات پر سیکیورٹی انتظامات مضبوط بنانے اور سرچ، کومبنگ اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
حکام نے بھتہ خوری، اسلحے کی غیر قانونی نقل و حمل اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کی۔

Leave a Reply