اسلام آباد — خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے قوانین پر مؤثر عمل درآمد، ان کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور شادیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو بہتر کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بچوں کی کم عمری، جلد اور جبری شادی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔
اپنے پیغام میں خاتون اول نے کہا کہ ہر بچے کو جبر اور خوف سے پاک بچپن کا حق حاصل ہے، اور کوئی بچہ ایسے فیصلوں کا شکار نہ ہو جو اسے اپنے مستقبل کی تشکیل کا موقع چھین لیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی بچوں، خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم مکمل کرنے، اپنی زندگی کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے پروان چڑھانے کے مواقع سے محروم کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی بچوں کو صحت کے سنگین خطرات سے دوچار کر سکتی ہے، ان کے معاشی مواقع محدود کر دیتی ہے اور غربت و عدم مساوات کے چکر کو جاری رکھتی ہے۔ بچے کو یہ موقع ملنا چاہیے کہ وہ سیکھے، بڑھے اور وقت سے پہلے بالغ زندگی کی ذمہ داریاں اٹھانے پر مجبور ہوئے بغیر اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کرے۔
خاتون اول نے کہا کہ پاکستان میں اس مسئلے کے خاتمے کے لیے قوانین پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ آگاہی بڑھانا اور تعلیم و بنیادی خدمات تک رسائی بہتر بنانا بھی ضروری ہے۔ خاندانوں، برادریوں اور اداروں کو بھی بچوں کی حفاظت اور لڑکیوں کی تعلیم جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جو لڑکی اسکول میں رہتی ہے وہ اپنے مقاصد کے حصول اور باخبر فیصلے کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہوتی ہے۔ معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کی مدد یقینی بنانی چاہیے تاکہ لڑکیاں اپنے قابو سے باہر حالات کی وجہ سے تعلیم چھوڑنے یا شادی پر مجبور نہ ہوں۔ انہوں نے سماجی تحفظ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، جو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن پر قائم ہے، نے خواتین کو خاندانوں کی مدد کی کوششوں کے مرکز میں رکھا ہے، جبکہ بے نظیر تعلیمی وظائف جیسے پروگرام اسکولوں میں داخلے اور حاضری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی وراثت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وراثت نے عام لوگوں، خصوصاً خواتین اور پسماندہ برادریوں کے حقوق و فلاح کو پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کے مرکز میں رکھا ہے۔ اس فکر کو عملی اقدامات میں ڈھالنا ہوگا تاکہ ہر لڑکی کو تعلیم، قانون کے تحت تحفظ اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں، برادریوں، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور لڑکیوں کو اسکولوں، معاون خدمات اور محفوظ ماحول تک رسائی دی جائے۔ آخر میں انہوں نے سب سے اپیل کی کہ ایک ایسے پاکستان کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر لڑکی اپنی تعلیم مکمل کر سکے اور آزادی و اعتماد کے ساتھ بالغ زندگی میں داخل ہو۔

Leave a Reply