وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم سولر پینل اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ہدف 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ سولر پینل کر دیا گیا ہے تاکہ صوبے بھر میں قابل تجدید توانائی تک رسائی بڑھائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے چولستان میں 5 ہزار سولر پینل لگانے کے پائلٹ منصوبے کی بھی منظوری دی اور حکام کو ستھرا پنجاب اقدام کے تعاون سے ٹھوس فضلے سے توانائی اور بائیو فیول پیدا کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے تمام بڑے اسپتالوں کے توانائی آڈٹ کا حکم دیا اور حکام کو ان کی توانائی کی ضروریات کے مطابق برقی پینل نصب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 3 ہزار ٹن فضلے سے توانائی پیدا کرنے کے پائلٹ منصوبے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری توانائی نے مختلف مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں جانوروں کے فضلے، زرعی فضلے اور ٹھوس فضلے سے بائیو انرجی اور بائیو فیول کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
ننکانہ میں بائیو ریفائنری منصوبے پر بھی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں چاول کی بھوسی اور فصلوں کی دیگر باقیات استعمال کی جائیں گی۔ حکام نے پنجاب بھر میں تجارتی پیمانے پر بائیو گیس پلانٹس، نجی ڈیری فارمز اور کمیونٹی کی بنیاد پر بائیو گیس منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں چولستان میں پانی کی فراہمی کے 40 مقامات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔
بریفنگ کے دوران حکام نے بتایا کہ سی ایم سولر پینل اسکیم کے پہلے مرحلے میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ پہلے مرحلے میں 89 ہزار 869 افراد کو سولر پینل ملے، جس سے ان کے بجلی کے بلوں میں ایک تہائی بچت ہوئی۔
بریفنگ کے مطابق اسکیم پنجاب بھر میں کافی مقبول ہوئی ہے۔ حکام نے اجلاس کو مزید بتایا کہ پائلٹ منصوبے کے تحت صوبے کے 76 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں تقریباً 4 لاکھ 90 ہزار ٹن جانوروں کے فضلے سے سالانہ 7.15 ارب مکعب میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ جانوروں، زرعی اور ٹھوس فضلے سے تقریباً 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔
