خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ پشاور، بونیر اور ہری پور میں مربوط کارروائیوں کے دوران ہزاروں کلو گرام مضر صحت گوشت اور جعلی شہد برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں چیف سیکرٹری اور گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور وومن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی ہدایات پر کی گئیں، اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پشاور میں مسافر بس سے مضر صحت گوشت برآمد
خفیہ اطلاعات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور کے بس ٹرمینلز پر آدھی رات کو ایک مسافر بس کی چیکنگ کی، جہاں سے تقریباً 1500 کلو گرام مضر صحت اور خراب گوشت کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ گوشت میں گائے کا گوشت، کلیجی، اوجھڑی اور زبانیں شامل تھیں۔ لیبارٹری تجزیے میں گوشت غیر معیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کے خلاف ثابت ہونے پر اسے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ داروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔
بونیر میں جعلی شہد بنانے والا گروہ گرفتار
بونیر میں فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر میں جعلی شہد تیار کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 2550 کلو گرام جعلی شہد، 1300 کلو گرام چینی، مصنوعی چھتے اور جعلی شہد کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ جعلی شہد تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کر کے مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ ملزمان کو جیل منتقل کر دیا گیا۔
بونیر ہی میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک مشروب میں برکس کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائے جانے پر 288 بوتلیں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ حکام کے مطابق غیر معیاری مشروبات کی فروخت روکنے کے لیے نگرانی کا عمل جاری ہے۔
ہری پور میں بدبودار تیل تلف
ہری پور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے پاپڑ بنانے والے ایک یونٹ کا معائنہ کیا، جہاں فوڈ سیفٹی کے مقررہ ضابطوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی سامنے آئی۔ کارروائی کے دوران یونٹ پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ 250 لیٹر مضر صحت اور بدبودار تیل برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔
ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مشیر خوراک
مشیر خوراک کفایت اللہ نے کارروائیوں کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلی اشیاء کی تیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
بسوں کے ذریعے مضر صحت گوشت کی ترسیل، گھروں میں جعلی شہد کی تیاری اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء کی پیداوار جیسے معاملات سامنے آنے کے بعد متعلقہ حکام نے خوراک کے کاروبار سے وابستہ یونٹس کی نگرانی مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے، تاکہ ایسی اشیاء صارفین تک پہنچنے سے پہلے پکڑی جا سکیں۔
