Tag: ڈومیسائل

  • سندھ میں ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا باضابطہ آغاز

    سندھ میں ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا باضابطہ آغاز

    سندھ حکومت نے شہریوں کے لیے ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس سے ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) کے حصول کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو گیا ہے۔

    چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کراچی میں پورٹل کا باضابطہ افتتاح کیا۔ شہری اب موبائل ایپلیکیشن اور آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکیں گے، اور ہفتوں کا طویل عمل اب محض چند گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔

    پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کے ساتھ چہرے کی شناخت کی جدید ٹیکنالوجی، گھر بیٹھے دستاویزات اپ لوڈ کرنے، آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے فیس کی ادائیگی، درخواست کی لائیو ٹریکنگ اور جاری شدہ سرٹیفکیٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ اور فوری تصدیق کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تقریب میں پورٹل کی خصوصیات سے متعلق بریفنگ دی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ نوجوانوں کا سرکاری نظام کے ساتھ پہلا واسطہ اکثر ڈومیسائل بنواتے وقت ہی پڑتا ہے، اور اس عمل کے آسان ہونے سے عوام میں حکومت کا مثبت تاثر ابھرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے جعلی درخواستوں اور فرضی ڈومیسائل کا راستہ بھی ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اس سہولت کے دائرہ کار کو مرحلہ وار سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔