Tag: پوسٹ مارٹم

  • کراچی کے بحالی مرکز میں خاتون جاں بحق

    کراچی کے بحالی مرکز میں خاتون جاں بحق

    کراچی میں منشیات کے بحالی مرکز میں زیر علاج 28 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی ہے، جس پر اس کی موت کے حالات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    ایدھی کے ترجمان کے مطابق خاتون، جس کی شناخت صائحہ کے نام سے ہوئی ہے، پی آئی اے سوسائٹی میں واقع بحالی مرکز میں مردہ پائی گئی۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی ہے، جبکہ موت کے حالات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکے۔

    یہ موت قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر) کی اس تحقیق کے چند ماہ بعد ہوئی ہے جو 19 مئی کو شائع ہوئی تھی اور جس میں ایسے کیسز دستاویز کیے گئے تھے جن میں خواتین کو خاندانی یا جائیداد کے تنازعات کے بعد ان کی مرضی کے خلاف بحالی مراکز میں داخل کرایا گیا تھا، بعض اوقات مناسب طبی جواز کے بغیر۔

    این سی ایچ آر کی رپورٹ، جس کا عنوان “کیجڈ ان کیئر: بحالی مراکز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیق” ہے، میں بتایا گیا تھا کہ ایسے مراکز میں بعض خواتین نے ہراسانی، نجی زندگی میں مداخلت اور بیرونی دنیا سے رابطے پر پابندیوں کی شکایت کی تھی۔

    یہ رپورٹ جنوری 2024 سے اکتوبر 2025 کے درمیان کیے گئے فیلڈ ورک پر مبنی تھی، جس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے منتخب مراکز کا معائنہ، متاثرین کے بیانات، ریگولیٹری سماعتیں اور سہولیات کے ریکارڈ شامل تھے۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی معاونت سے یورپی یونین کے فنڈ سے چلنے والے حقوق پاکستان دوم منصوبے کے تحت تیار کی گئی تھی۔

    این سی ایچ آر نے اس سے قبل ایسے مراکز میں داخلے سے قبل آزاد نفسیاتی جائزے پر غور کرنے اور ذہنی صحت و نشے کے علاج کے غلط استعمال کے خلاف حفاظتی اقدامات کی سفارش کی تھی۔

    پولیس نے تاحال صائحہ کی موت کی وجہ نہیں بتائی ہے، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔

  • فاطمہ کی موت تشدد سے ہوئی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ

    فاطمہ کی موت تشدد سے ہوئی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ

    13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس کے مطابق بچی کی موت تشدد کے باعث ہوئی۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جسمانی تشدد کے باعث بچی کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی، شدید چوٹوں اور سوزش سے بچی کے جسم میں خون کے لوتھڑے بن گئے جس کے بعد بچی کو تھرومبو ایمبولزم کی کیفیت لاحق ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق تھرومبو ایمبولزم کے نتیجے میں بالآخر کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا جس سے بچی کا دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا۔ فاطمہ تین روز قبل اسلام آباد کے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کے علاقے میں ایک سینئر پولیس افسر کے گھر میں چل بسی تھی۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے بچی پر تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈے برآمد کر لیے ہیں جبکہ گرفتار ملزم نے ملزمہ کے بچی پر تشدد سے متعلق بھی بتایا ہے۔

    بچی کے والد اصغر علی کی شکایت پر 15 نومبر کو تھانہ شمس کالونی میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے سینئر افسر محمد بن اشرف کی اہلیہ افشاں اور افسر کے بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری علی کو گرفتار کر لیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

    بچی کے والد کا تعلق رحیم یار خان ضلع کے علاقے راجن پور کلاں سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں 14 نومبر کی شام بتایا گیا کہ ان کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ دم توڑ گئی۔ والد نے کہا کہ بیٹی کے جسم کے معائنے پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے جس کے بعد انہوں نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے کم از کم 15 نشانات بشمول خراشیں اور گہرے زخم پائے گئے جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں کلائی کی ہڈی اور ایک انگلی ٹوٹی ہوئی پائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک شواہد کے تجزیے کے بعد سامنے آئے گی۔

    سینئر افسر محمد بن اشرف نے جیو نیوز کو بتایا کہ بچی کافی عرصے سے ان کے خاندان کے ساتھ رہ رہی تھی اور واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بیرون ملک تھے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انہیں ایف آئی اے ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون کے عہدے سے ہٹا کر ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔