گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے نلتر 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی تکمیل اور گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت علاقے میں بجلی کے بحران کے خاتمے اور عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے توانائی کے منصوبوں پر کام تیز کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف جنگ ہی حکومت کی اصل جنگ ہے، اور عوام کو ریلیف دینا اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ نلتر پاور پروجیکٹ گلگت شہر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور منصوبے سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کے بعد شہر کو روزانہ تقریباً 8 سے 9 گھنٹے اضافی بجلی مل رہی ہے، جس سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کے لیے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے درخواست کی گئی ہے اور امید ہے کہ وہ جلد گلگت کا دورہ کرکے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نلتر 14 میگاواٹ فیز ٹو اور 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹس 2009 میں پی ایس ڈی پی کا حصہ بنے تھے اور 2012 میں ان کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا، تاہم منصوبہ طویل عرصے تک تاخیر کا شکار رہا اور اس کی تین مرتبہ ریویژن کی گئی۔ 2015 تک منصوبے پر صرف 3 فیصد کام مکمل ہوا تھا، جبکہ 2021 تک مجموعی پیش رفت 23 فیصد تک پہنچ سکی۔ 2024 کے بعد منصوبے پر کام میں تیزی لائی گئی اور 2025 تک پیش رفت 72 فیصد ہوگئی۔ اب منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ برقیات کے سیکریٹریز، ہیوی مکینیکل کمپلیکس کی ٹیم اور سابق چیف سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے مستقل خاتمے کے لیے 40 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ انتہائی اہم ہے، جو گزشتہ سات سال سے التوا کا شکار ہے، اور اس منصوبے کا آئندہ تین ماہ میں دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عطاء آباد 54 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ہرپور اور شغرتھنگ پاور پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر غواڑی اور تھک پاور پروجیکٹس کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے، جن کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
