لاہور میں ہفتے کے روز اسموگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 330 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انتہائی غیر صحت بخش سطح میں شمار ہوتا ہے۔ گہری دھند اور آلودگی کے باعث شہر کی فضا بھاری ہو گئی ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق موجودہ سطح پر شہر کی فضا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گاڑیوں اور صنعتی یونٹس سے نکلنے والا دھواں لاہور میں فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ بارش کا کوئی امکان نہ ہونے اور خشک موسم کے برقرار رہنے کے باعث آنے والے دنوں میں آلودگی میں کمی کے امکانات محدود ہیں، جس سے خدشہ ہے کہ شہریوں کو اسموگ کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ خشک موسم کے باعث آلودہ ذرات فضا میں معلق رہنے کا خدشہ ہے، جس سے اسموگ برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے ہفتے کے روز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون برہان سے پشاور ٹال پلازہ تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موٹروے ایم ٹو پر سالم انٹرچینج سے ٹریفک کا رخ جنوب کی جانب موڑ دیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری پر فیض پور انٹرچینج سے ٹریفک کا رخ شمال کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جہاں ممکن ہو دن کی روشنی میں سفر کریں اور روانگی سے قبل سڑکوں کی صورت حال معلوم کر لیں۔
