Tag: جوناگڑھ

  • جونا گڑھ کی ادھوری تاریخ پھر زیرِ بحث، صدر آزاد کشمیر سے نوابزادی کی اہم ملاقات

    جونا گڑھ کی ادھوری تاریخ پھر زیرِ بحث، صدر آزاد کشمیر سے نوابزادی کی اہم ملاقات

    جونا گڑھ کی ادھوری تاریخ ایک بار پھر زیرِ بحث آ گئی ہے۔ اسلام آباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان سے نواب بیگم آف جونا گڑھ اسٹیٹ نوابزادی عالیہ دلاور خانجی نے ملاقات کی۔

    کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جونا گڑھ کی تاریخی حیثیت، تقسیم ہند کے دوران پاکستان سے الحاق کے فیصلے اور ریاست کے تہذیبی و ثقافتی ورثے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    صدر آزاد کشمیر نے جونا گڑھ کو مسلمانوں کی تہذیبی، علمی اور ثقافتی وراثت کا اہم مرکز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے نواب نے تقسیم ہند کے وقت پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا اور ریاست کو پاکستان کا حصہ بننا تھا، تاہم کانگریس کی ریشہ دوانیوں اور بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے کے باعث اس تاریخی فیصلے کو عملی شکل اختیار نہیں کرنے دی گئی۔

    صدر ریاست نے کہا کہ جونا گڑھ کے حکمران نے تقسیم ہند سے قبل مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا، اور ریاست اپنی علمی، ادبی اور ثقافتی روایات کی حامل تھی۔

    ملاقات کے دوران نوابزادی عالیہ دلاور خانجی نے صدر آزاد کشمیر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر ریاست نے نوابزادی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

    ملاقات میں جونا گڑھ کی تاریخی شناخت، اس کے ورثے اور تقسیم ہند سے جڑے اہم واقعات کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ عالیہ دلاور خانجی مرحوم نواب جونا گڑھ نواب دلاور خانجی کی صاحبزادی ہیں اور جونا گڑھ کا معاملہ مختلف فورمز پر اٹھاتی رہی ہیں۔

    جونا گڑھ ایک نوابی ریاست تھی جس کے حکمران نے 1947 میں پاکستان سے الحاق کا اعلان کیا تھا۔ اسی سال بھارت نے ریاست کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور تب سے یہ علاقہ بھارتی انتظامیہ کے تحت ہے۔ جونا گڑھ کا سوال پاکستان میں وقتاً فوقتاً کشمیر کے مسئلے کے ساتھ اٹھایا جاتا ہے، جس سے اس کا تاریخی تعلق تقسیم ہند سے جڑا ہے۔