Tag: بھمبر

  • سمہانی: اسپتال میں سرجیکل سہولتیں متعارف ہوں گی

    سمہانی: اسپتال میں سرجیکل سہولتیں متعارف ہوں گی

    آزاد جموں و کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے اعلان کیا ہے کہ ضلع بھمبر کی تحصیل سمہانی میں واقع ٹی ایچ کیو اسپتال میں سرجیکل سہولتیں متعارف کرائی جائیں گی۔ یہ اعلان انہوں نے سمہانی کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اسپتال اور علاقے کے دیگر صحت مراکز کا معائنہ بھی کیا۔

    بھمبر محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق وزیر صحت نے بندالہ میں قائم بنیادی صحت یونٹ (بی ایچ یو) کو رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) میں اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے سمہانی اور بندالہ کے لیے نئی ایمبولینسوں کی فراہمی کے احکامات دیے اور علاقے کے صحت مراکز میں عملے کی کمی دور کرنے کے اقدامات کا وعدہ کیا۔

    وزیر صحت نے کہا کہ ٹی ایچ کیو اسپتال سمہانی کو ایک ماڈل صحت مرکز کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں گائناکالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور دیگر ضروری عملے کی تعیناتی کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے جنڈی چونترا میں قائم سول ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی تعیناتی کا بھی حکم دیا اور یقین دلایا کہ ڈھب ویلی کی ڈسپنسری سمیت علاقے کے دیگر صحت مراکز کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔

    دورے کے دوران ڈاکٹر عباسی نے ٹی ایچ کیو اسپتال سمہانی کے علاوہ بندالہ، ڈھب ویلی، جنڈی چونترا، چوکی اور پونا میں قائم صحت کی سہولتوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دستیاب طبی سہولتوں، علاج معالجے کے انتظامات اور عملے کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو اسپتال میں قائم چنار فری ڈائلیسس سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں گردوں کے مریضوں کو مفت ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سینٹر کی کارکردگی کو سراہا اور انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے داخل مریضوں کو ملنے والی علاج کی سہولتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی صحت کی سہولتیں پہنچانے کے لیے موبائل میڈیکل کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں۔

    ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے سو روزہ ترقیاتی و اصلاحاتی پروگرام کے تحت صحت کی سہولتوں کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ان دوروں کا مقصد زمینی حالات کا جائزہ لینا، مسائل کی نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے ترجیحات کا تعین کرنا ہے۔

    سمہانی سے رکن اسمبلی چوہدری محمد رزاق، جن کی دعوت پر وزیر صحت نے علاقے کا دورہ کیا، نے کہا کہ مقامی آبادی کو بھی ریاست کے دیگر حصوں کے عوام کی طرح معیاری صحت کی سہولتوں تک رسائی درکار ہے۔