Tag: بچیاں اسکول سے باہر

  • سندھ میں 40 لاکھ 80 ہزار بچیاں اسکول سے باہر، رپورٹ

    سندھ میں 40 لاکھ 80 ہزار بچیاں اسکول سے باہر، رپورٹ

    کراچی: سندھ حکومت کی پہلی صنفی مساوات رپورٹ کے مطابق صوبے میں 5 سے 16 سال کی عمر کی 40 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچیاں اسکولوں سے باہر ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق خواتین کی مجموعی شرح خواندگی 47 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ دیہی خواتین میں یہ شرح محض 27.52 فیصد ہے۔ یہ اعدادوشمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دیہی سندھ میں بچیوں کی تعلیم کا مسئلہ کس قدر گہرا ہے۔

    پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے 2024-25 کے مطابق سندھ میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 39 فیصد بچے اسکول نہیں جاتے۔ صوبے کی مجموعی شرح خواندگی بھی 58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں سے باہر لاکھوں بچیوں کی موجودگی صرف تعلیمی مسئلہ نہیں بلکہ ان کے مستقبل، معاشی خودمختاری اور سماجی ترقی سے بھی جڑی ہوئی ہے۔

    تعلیم کے شعبے میں سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال دیہی علاقوں کی ہے، جہاں بچیوں کی شرح خواندگی شہری علاقوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

    نومبر 2026 میں سندھ حکومت نے مزید 750 سرکاری اسکولوں کو دس سالہ معاہدے کے تحت نجی اداروں کے انتظام میں دینے کی منظوری دی۔

    اس فیصلے سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ صوبے کا سرکاری تعلیمی نظام اپنی انتظامی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے میں کیوں مشکلات کا شکار ہے اور سرکاری اسکولوں کی بہتری کے لیے نجی انتظامی ماڈل پر انحصار کیوں بڑھ رہا ہے۔

    صوبے میں تعلیم پر اخراجات اور مختلف اصلاحاتی منصوبے جاری رہے، لیکن سرکاری اعدادوشمار اب بھی بڑے پیمانے پر تعلیمی محرومی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے نتائج نے صوبے میں سرکاری تعلیم کی صورتحال اور لاکھوں بچوں خصوصاً دیہی علاقوں کی بچیوں کو دوبارہ کلاس رومز تک لانے کے لیے درکار اقدامات پر بحث کو تازہ کر دیا ہے۔