گوگل کے ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے تحت ستمبر 2024 سے اب تک 4 ہزار سے زائد پاکستانی صحافیوں، میڈیا کے پیشہ ور افراد اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز کے استعمال کی تربیت دی جا چکی ہے۔
یہ تربیت پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 60 سے زائد ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے دی گئی ہے، اور یہ پروگرام ٹیک ویلی کے اشتراک اور ملک کے سرکردہ تعلیمی اداروں و سرکاری محکموں کے تعاون سے چل رہا ہے۔
یہ اعداد و شمار لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی ڈیجیٹل صحافت ایونٹ 2026 کی تقریب میں پیش کیے گئے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی تعاون اور خصوصی اقدامات علی ڈار، ہم نیٹ ورک کی چیئرپرسن سلطانہ صدیقی اور گوگل کی نیوز پارٹنرشپس کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیٹ بیڈو سمیت اہم شخصیات، پالیسی سازوں اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ حکومت اکیلے یہ کام نہیں کر سکتی، اس کے لیے گوگل، ٹیک ویلی، جامعات اور میڈیا اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی صحافیوں کو معلومات کی تصدیق، کام کی رفتار میں اضافے اور نیوز رومز میں پائیدار صحافتی طریقہ کار کے لیے جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس کرنا ہے۔
پروگرام کے سروے کے مطابق 85 فیصد شرکاء نے گوگل کے اے آئی ٹولز کو اپنے روزمرہ کے کاموں کا مستقل حصہ بنا لیا ہے، جبکہ تقریباً 68 فیصد شرکاء کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ تحقیق اور رپورٹنگ کے کاموں میں اپنے وقت کا 25 فیصد سے زائد بچا رہے ہیں۔ شرکاء کے مطابق اے آئی ٹولز کے استعمال سے ان کے پیشہ ورانہ اعتماد میں 260 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گوگل کی جانب سے دنیا بھر کے 120 ممالک میں اب تک 25 لاکھ سے زائد صحافیوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔
