پاکستان اور سعودی کمپنی ڈیلٹا انرجی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کے تحت ترکمانستان سے قدرتی گیس پاکستان کے راستے گوادر تک پہنچانے کے لیے گیس پائپ لائن بچھانے کی فزیبلٹی کا مشترکہ جائزہ لیا جائے گا۔ گوادر میں ایل این جی ٹرمینل قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اعلامیے کے مطابق اس منصوبے کے تحت مجوزہ سرمایہ کاری 25 سے 30 ارب ڈالر تک ہے۔ دستخط کی تقریب کونسل کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں ایس آئی ایف سی، پیٹرولیم ڈویژن، انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز اور ڈیلٹا انرجی کی اعلیٰ قیادت موجود تھی۔
مجوزہ منصوبے کے ابتدائی خاکے کے مطابق پائپ لائن افغانستان سے گزرتے ہوئے چمن کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہوگی اور پھر ملک کے مختلف علاقوں سے گزارتے ہوئے گوادر تک پہنچائی جائے گی۔
منصوبے میں گوادر کے مقام پر مائع قدرتی گیس (ایل این جی) ٹرمینل قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، جسے ابتدائی مراحل میں گوادر میں تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔ بعد کے مرحلے میں اس سہولت کو ملک کے دیگر مقامات تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو پاکستان اور سعودی کمپنی کے درمیان توانائی تعاون کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اب منصوبے کے تکنیکی اور معاشی امکانات کا مشترکہ جائزہ لیا جائے گا اور فزیبلٹی کے نتائج کی روشنی میں اس کی آئندہ پیش رفت اور عملی مراحل کا تعین کیا جائے گا۔
