Tag: الیکٹرک بسیں

  • وزیراعظم گیلانی کا باغ کیلئے بڑا ترقیاتی اعلان

    وزیراعظم گیلانی کا باغ کیلئے بڑا ترقیاتی اعلان

    وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے باغ کے دورے کے دوران جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کے لیے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں ہنگامی بنیادوں پر سڑکوں کی تعمیر، الیکٹرک بسیں، صحت کی بہتر سہولتیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع شامل ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ سو روزہ پلان عوام کے لیے ہے، جس میں اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سو دنوں میں حقیقی تبدیلی لائیں گے، اگلے تین ماہ میں باغ والوں کی سڑکیں ہنگامی بنیادوں پر بنیں گی اور تین ماہ میں الیکٹرک بسیں چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ باغ کا صاف ستھرا چہرہ نظر آئے گا اور ریاست کی عوام کی خواہشات کے مطابق منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہ اعلانات حکومت کے سو روزہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں، جس میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور روزگار کے شعبے شامل ہیں۔

    صحت کی سہولتیں عوام کی دہلیز پر

    صحت کے شعبے میں وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارواں کے تحت پوری ریاست کے عوام کی دہلیز پر صحت کی سہولتیں مہیا کریں گے۔ بنیادی صحت مراکز اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال اپ گریڈ ہوں گے، جبکہ باغ میں امراض قلب کا اسپتال ہر صورت بنایا جائے گا، تاکہ دل کے مریضوں کو ماہر علاج کے لیے دور نہ جانا پڑے۔

    انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ باغ اسپتال کو ٹیچنگ اسپتال بنایا جائے گا اور شہر کی واٹر سپلائی کے دوسرے مرحلے کی منظوری دی جائے گی۔ ضروری ادویات کا پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس میں ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔

    میرٹ پر روزگار اور اسکالرشپس

    روزگار کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ہر محکمے کے اندر این ٹی ایس کے ذریعے روزگار دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار ملے گا اور کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے سیاحت کو فروغ دیا جائے گا اور ڈیڑھ ہزار لوگوں کو فوری طور پر سیاحت میں روزگار ملے گا۔ سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی، نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

    تعلیم کے شعبے میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ کامیاب اسکالرشپ کے ذریعے پاکستان کی 22 یونیورسٹیوں میں طلبہ تعلیم حاصل کر سکیں گے، جبکہ قائداعظم اسکالرشپ ٹاپ پانچ یونیورسٹیوں کے لیے ہوگی، جس میں تمام اخراجات مفت مہیا کیے جائیں گے۔

    ڈیجیٹل پورٹل اور دانش اسکول

    وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف آزاد کشمیر میں اربوں روپے سے پانچ دانش اسکول بنا رہے ہیں، جس پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ٹی کے شعبے کو فروغ دیا جائے گا اور نوجوان روزگار اسکیم شروع کی جائے گی۔

    حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ ہر وقت رکھنے اور عوامی شکایات فوری سننے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل اے جے کے ون بنایا جا رہا ہے، جس میں متعلقہ محکمے سے لے کر حکومت تک تمام لوگوں کی سنوائی ہوگی۔ اسی پورٹل میں نوکریوں کے اشتہارات اور ٹینڈرنگ بھی ہوگی، تاکہ شکایات آسانی سے اوپر جا سکیں اور عوام کو معلومات بھی مل سکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان روزگار اسکیم اور اپنا گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرض مہیا کیا جائے گا، اور حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق ان کے مسائل حل کرے گی۔

    مسلح جتھوں پر موقف

    وزیراعظم نے مسلح جتھوں کے حوالے سے کہا کہ حکومت ہر وہ کام کر سکتی ہے جو قانون و آئین کے مطابق ہو، مگر غیر قانونی و غیر آئینی طریقہ کار قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان جتھوں سے تعلق نہیں تو انہیں وہاں سے باہر نکالا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر اقدار، عزت اور احترام ختم ہو رہا ہے، جسے ہم سب نے مل کر بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے چینی اس لیے ہے کہ یہاں روز حکومتیں تبدیل ہوتی رہی ہیں اور عوام کی طرف کم دیکھا گیا۔

    وزیراعظم نے یاد دلایا کہ میاں نواز شریف نے ریاست کا بجٹ دگنا کیا تھا، اور کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچے۔

    قبل ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر کا دھیرکوٹ میں ممبر اسمبلی ساجد عباسی کی رہائش گاہ پر شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ممبر اسمبلی ساجد عباسی، راجہ فیصل آزاد سمیت سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔ ان کے ہمراہ اسپیکر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق، وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، وزیر برقیات راجہ ثاقب مجید اور مئیر مظفرآباد سکندر گیلانی بھی موجود تھے۔ دھیرکوٹ کے بعد وزیراعظم کو سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریلی میں باغ جلسہ گاہ لایا گیا، جہاں گیاری چوک میں ہزاروں کارکنان نے ان کا استقبال کیا۔

  • آزاد کشمیر میں 75 الیکٹرک بسیں، سات شہروں میں سروس

    آزاد کشمیر میں 75 الیکٹرک بسیں، سات شہروں میں سروس

    مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر حکومت نے خطے میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید اور ماحول دوست بنانے کے لیے کشمیر ایکسپریس پروگرام کے تحت سات شہروں میں 75 الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وزیر جنگلات و جنگلی حیات وقار احمد نور نے مظفرآباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

    حکومت کے منصوبے کے مطابق الیکٹرک بسوں کا یہ نیٹ ورک مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، میرپور، سدھنوتی، بھمبر اور کوٹلی میں چلایا جائے گا۔ ان شہروں میں گرین بس روٹس کو بھی توسیع دی جائے گی، اور یہ کام جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    منصوبے میں صرف بسوں کی فراہمی شامل نہیں ہے بلکہ سڑکوں کی بہتری بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ پونچھ، بھمبر اور کوٹلی میں سڑکوں کی مرمت اور ازسرنو تعمیر کی جائے گی، جبکہ کوہالہ مظفرآباد اور آزاد پتن راولاکوٹ شاہراہوں کے کنارے مسافروں کے لیے آرام گاہیں بھی قائم کی جائیں گی۔

    یہ منصوبہ اس سلسلے کی اگلی کڑی ہے جو رواں سال جولائی میں شروع ہوا تھا، جب پنجاب حکومت کی جانب سے مظفرآباد کو 10 الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی تھیں۔ اب حکومت اسی ماڈل کو سات شہروں تک پھیلا رہی ہے تاکہ خطے کے بڑے شہروں میں جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت یکساں طور پر دستیاب ہو۔

    مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ جیسے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی ایک دیرینہ مسئلہ رہی ہے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے اور ملازمین کو دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جبکہ نجی ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ حکومت کو امید ہے کہ الیکٹرک بسوں کی سروس سے یہ مشکلات کم ہوں گی اور شہریوں کو ایک قابل اعتماد اور سستی سفری سہولت ملے گی۔

    کشمیر ایکسپریس پروگرام آزاد کشمیر حکومت کے 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس میں صحت، تعلیم، سیاحت اور شہری بنیادی ڈھانچے کی بہتری بھی شامل ہے۔ الیکٹرک بسیں ایندھن کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے حوالے سے بھی اہم سمجھی جا رہی ہیں، کیونکہ پہاڑی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کے دھوئیں سے فضا متاثر ہوتی ہے۔

    حکومت کا کہنا ہے کہ جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سے نہ صرف شہریوں کی روزمرہ آمدورفت آسان ہوگی بلکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا، کیونکہ سیاحوں کو مختلف شہروں اور سیاحتی مقامات تک جانے میں بہتر سہولت میسر آئے گی۔