باغ سے حویلی جانے والے مسافروں کیلئے ریڑہ عذاب بن گیا

Traffic jam on the main highway in Rehra town on the Bagh-Haveli road.

Written by

in

باغ سے حویلی جانے والے مسافروں کے لیے ریڑہ شہر کا ٹریفک نظام عذاب بن گیا ہے، جہاں مرکزی شاہراہ پر تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور لوکل ٹرانسپورٹ کے غیر مجاز اڈوں نے شہر کی آمدورفت کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔

باغ سے حویلی عباسپور جانے والی سینکڑوں مسافر گاڑیاں شہر میں داخل ہوتے ہی ٹریفک جام میں پھنس جاتی ہیں۔ حویلی عباسپور اور ضلع باغ کے مشرقی علاقوں سے آنے اور جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لوکل روٹس پر چلنے والی گاڑیوں نے شہر کے مختلف حصوں کو مستقل لاری اڈوں کی شکل دے رکھی ہے، جہاں گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔

دوسرے اضلاع سے آنے والے افراد، خواتین، بزرگوں، طلبہ اور مقامی شہریوں کو بھی شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کا قیمتی وقت بھی ٹریفک جام کی نذر ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ریڑہ شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے والا کوئی مؤثر نظام دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ رانگ پارکنگ، غیر قانونی لاری اڈوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے ٹرانسپورٹرز اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔

عوامی حلقوں نے وزیراعظم، چیف سیکرٹری اور مقامی وزیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ریڑہ شہر کی مرکزی شاہراہ کو تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ سے فوری طور پر واگزار کروایا جائے، غیر قانونی لاری اڈوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر ٹریفک پولیس اور متعلقہ عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔

شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ریڑہ شہر میں ٹریفک کا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، اور انہوں نے کہا کہ محض اعلانات اور گڈ گورننس کے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *