خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تعلیمی نظام کی بحالی کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر مشتمل 180 روزہ منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ تفصیلات بتائیں۔
مشیر تعلیم کے مطابق صوبے میں 29 لاکھ لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ 12 مخصوص اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند پڑے ہیں جبکہ 264 اسکولوں میں کوئی استاد تعینات نہیں۔
منصوبے کے تحت اسکولوں کی فعالیت، اساتذہ کی تربیت، تعلیمی سہولیات اور داخلوں میں اضافے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 1500 سرکاری اسکول آؤٹ سورس کیے جائیں گے جبکہ پہلے ہی 421 اسکول اس نظام کے تحت چلائے جا رہے ہیں، جہاں معیار تعلیم اور داخلوں میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 35 ہزار سرکاری اسکولوں کے لیے 44 ہزار 747 اساتذہ کی آسامیاں خالی پڑی ہیں اور 11 ہزار سے زائد اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک یا دو اساتذہ تعینات ہیں۔ قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں جبکہ 12 اضلاع کے 107 اسکولوں میں نہ استاد موجود ہے نہ طالب علم۔

Leave a Reply